گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر، عدالت نے اعتراض لگا کر واپس کردی

198

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی، تاہم عدالت نے درخواست پر اعتراض لگا کر واپس کر دی۔

رپورٹ کے مطابق یہ درخواست عزیز الدین کاکا خیل ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علی امین گنڈا پور نے پنجاب میں مختلف جرائم میں ملوث ہو کر اپنے عہدے کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔

درخواست میں الزام لگایا گیا کہ گنڈا پور عمران خان کی رہائی کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہے ہیں اور وفاقی حکومت کے خلاف عوام کو اکسا رہے ہیں، جس سے ریاست کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ گورنر اور الیکشن کمیشن کو وزیراعلیٰ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے اور علی امین گنڈا پور کو درج مقدمات میں فوری گرفتار کیا جائے۔

درخواست میں وزیراعلیٰ، گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی و صوبائی حکومت، الیکشن کمیشن اور آئی جی خیبرپختونخوا کو فریق بنایا گیا تھا تاہم پشاور ہائیکورٹ نے درخواست پر قانونی اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا ہے۔