طوفان الاقصیٰ کا ایک سال: ہم نے طویل جنگ منتخب کی جو دشمن کو مہنگی پڑے گی، ابوعبیدہ

173

مقبوضہ بیت المقدس:طوفان الاقصیٰ کا ایک سال مکمل ہونے پر ترجمان القسام بریگیڈ ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ ہم نے طویل جنگ منتخب کی ہے اور یہ دشمن کو مہنگی پڑنے کے ساتھ ساتھ اس کے لیے بہت تکلیف دہ ہوگی۔

فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کا ایک برس مکمل ہونے پر وڈیو بیان جاری کیا ہے۔ الجزیرہ پر نشر ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے مسجد اقصیٰ کی سلامتی انتہائی خطرناک اور نازک موڑ پر پہنچنے کے بعد طوفان الاقصیٰ کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ پر ایک بڑے حملے کو پلان کررہا تھا، تاہم ہم نے طوفان الاقصیٰ کا آغاز کرکے دشمن پر پہلے حملہ کردیا۔طوفان الاقصیٰ جدید دور کا کامیاب ترین کمانڈو آپریشن تھا، جس میں دشمن کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

ابوعبیدہ نے کہا کہ ہماری قید میں موجود اسرائیلیوں کی قسمت کا فیصلہ خود اسرائیلی  حکمرانوں کے فیصلوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے، ہم انہیں طویل عرصے تک بھی قید میں رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ  پر جنگ جتنا عرصہ مسلط رہے گی، یہ اسرائیلی یرغمالیوں کے لیے اتنا ہی زیادہ خطرے کا سبب بنے گا۔

انہوں نے حزب اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی ثابت قدمی اور جرأت پر یقین ہے کہ آپ صہیونی دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوں گے۔