عوامی تحریک کے تحت سکھر میں کانفرنس، لاقانونیت پر تشویش کا اظہار

67

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عوامی تحریک ضلع سکھر کے انتخابات اور سندھ کی زمینیں اور وسائل بچاؤ کانفرنس سکھر میں منعقد ہوئی۔ سندھ میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ انتہا پسندی کو فروغ دے کر سکھر کی مسجد منزل گاہ جیسے واقعات دوبارہ کروانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انتہا پسندی اور لاقانونیت کو سندھ قبول نہیں کرے گا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی آرگنائزر ایڈووکیٹ وسند تھری، مرکزی رہنما نور احمد کاتیار، ضلع سکھر کے نو منتخب صدر ایاز کلوڑ، منصور بپڑ، سروان جتوئی، سچل بھٹی، ذوالفقار میرانی، سرویچ سندھی اور دیگر نے کہا کہ سندھ ہمارا تاریخی وطن ہے۔ سندھ کو ہم اپنی ماں سمجھتے ہیں۔ سندھ میں نئے صوبے بنانے اور غیر ملکیوں کو آباد کرنے کی سازش کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔ سندھ کے عوام سندھ میں غیر ملکی قابضین کو برداشت نہیں کریں گے۔ سندھ میں غیر ملکیوں کو آباد کرنے اور سندھ کے ہندوؤں کو ہجرت کرنے پر مجبور کرنے کی بات کرنے والے سامراجی ایجنٹ ہیں۔