لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارجنٹائن کے سفیر سیباسٹین سیوس نے ملاقات کی ہے۔ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں لائیوسٹاک، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں نے اوکاڑہ میں سائلوز کا پائلٹ پراجیکٹ لانچ کرنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین دو طرفہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس انٹرایکشن بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن کی میٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، لائیوسٹاک، کھیلوں کے سامان اور سرجیکل آلات کے شعبے میں ارجنٹائن سے تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔مریم نواز نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سکیورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا یا جا سکتا ہے۔ارجنٹائن کے سفیر سیباسٹین سیوس نے کہا کہ زراعت، فارماسیوٹیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، لائیو سٹاک اوربائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں پنجاب کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارت کے فروغ کیلئے گورنمنٹ ٹو گورمنٹ اور بزنس ٹو بزنس کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کے لئے کردار ادا کریں گے، فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بھی پنجاب کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ارجنٹائن کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ایریکا لوسیرو، سینیٹر پرویز رشید اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔