ٹھیکیداری نظام نے محنت کشوں کو دیوار سے لگا دیا ہے۔ محنت کشوں کے ادارے سرمایہ داروں کے محافظ بنے ہوئے ہیں۔ این ایل ایف سائٹ ایریا میں محنت کشوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور بنیادی حقوق کی پامالیوں کے خلاف احتجاجی کیمپ لگائے گی۔ یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے این ایل ایف کراچی کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکرٹری محمدقاسم جمال، نائب صدر مناظر الحسن، عزیز اللہ خان نیازی، اسماعیل شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خالد خان نے کہا کہ سائٹ ایریا میں محنت کشوں کے بنیادی حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔ 20سال اور 25سال سے زائد عرصہ سے کام کرنے والے محنت کشوں کو بغیر کسی واجبات کے نوکریوں سے بے دخل کیا جارہا ہے اور فیکٹری ایکٹ کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ ٹھیکیداری نظام کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ سائٹ ایریا میں محنت کشوں کے ساتھ کی جانے والی ظلم وزیادتی کے خلاف نیشنل لیبر فیڈریشن سخت احتجاجی مہم چلائے گی۔ اس سلسلے میں حبیب بینک چورنگی سیمنز چورنگی پر احتجاجی کیمپ لگا ئے جائیں گے اور کراچی پریس کلب پر سائٹ ایریا کے محنت کش بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے گے۔ ڈائریکٹر لیبر اور جوائنٹ لیبر ڈائریکٹر ویسٹ سرمایہ داروں کے محافظ بنے ہوئے ہیں اور محنت کشوں کی کوئی سنوائی نہیں ہے۔ قاسم جمال نے کہا کہ محنت کشوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ مناظر الحسن نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی محنت کشوں کے حقوق کا محافظ ہے۔ خصوصی دعوت پر شریک اسٹیٹ بینک کے مزدور رہنما اور این ایل ایف بینکنگ سیکٹر کے کوآرڈینیٹر نگراں عزیز اللہ خان نیازی نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر کا ملازم شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ٹھیکیداری نظام اور تھرڈ پارٹی سٹم نے بینک کے ملازم کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے اور بینکنگ سیکٹر سے ٹریڈ یونینز کو ختم کردیا گیا ہے۔ این ایل ایف کے تحت کراچی سے لے کر خیبر تک ہم بینکنگ سیکٹر کے ملازمین کو متحد کر رہے ہیں اور این ایل ایف ہی ان کے حقوق کا تحفظ کرسکتی ہے۔