فلسطین کی آزادی کے لیے امت مسلمہ بیدار ہو‘ قاسم جمال

109

غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے ایک سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اہل غزہ نے اپنے عزم جوش ولولہ اور قربانیوں سے اسرائیل کو ہر محاذ پر شکست دی ہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی نے مسلمانوں کو مایوس کیا ہے۔ مسلمان مغربی مصنوعات کا سختی کے ساتھ بائیکاٹ کریں۔ یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری محمدقاسم جمال نے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے دار العلوم کورنگی پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے سیکرٹری عبدالحفیظ، محمد کاشف، یوسی وائس چیئرمین حماد حیدر نے بھی خطاب کیا۔ قاسم جمال نے کہا کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل جارحیت کو ایک سال کا طویل عرصہ ہو جائے گا۔ نہتے فلسطینی دنیا کی سپر پاور کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ فلسطینیوں نے ایک بار بھی جہاد کو زندہ کردیا ہے۔ فلسطینی قبلہ اوّل کی آزادی کی جنگ لڑی رہے ہیں، پوری امت کو ان کے ساتھ کھڑا ہوجانا چاہیے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور ہم اسرائیل کے ظلم اور بربریت کے خلاف بھرپور طریقے سے احتجاج کریں گے۔ جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے سیکرٹری اور انڈس فارما لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ نے کہا کہ قبلہ اوّل کی آزادی کی جنگ ہماری جنگ ہے۔ فلسطینیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے امت کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ 58اسلامی ممالک امریکا کی غلامی اور امریکا کا خوف اور ڈر ختم کر کے فلسطینیوں کا بھرپور طریقے سے ساتھ دیں۔