آل پاکستان پروگریسیو لیبر یونین اسٹیٹ بینک آف پاکستان سی بی اے کے سابق جنرل سیکرٹری اور نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے رہنما عزیز اللہ خان نیازی نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر کا ملازم آج انتہائی بے بسی کرب اور مشکلات کا شکار ہیں۔ ٹھیکیداری نظام نے بینکنگ ملازمین کو دیوار سے لگا دیا ہے۔ ایڈہاک اور کنٹریکٹ سسٹم نے ٹریڈ یونینز کو تباہ کردیا ہے۔ کلرکل اور نان کلرکل کی تقسیم نے محنت کشوں کے لیے مسائل پیدا کیے ہیں۔ بینک کے ملازم کو زبردستی افسر بنا دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ ٹریڈ یونینز سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی سے میں نے کئی ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے مجھے بینکنگ سیکٹر میں کام کرنے کو کہا ہے اور اب میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے پلیٹ فارم سے بھرپور طریقے سے بینکنگ کے محنت کشوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاؤں گا اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ملک گیر دورے کروں گا اور این ایل ایف ہی بینکنگ سیکٹر کے محنت کشوں کے بنیادی مسائل حل کر سکتی ہے۔