کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اَنا پرست انسان ہیں اور بدقسمتی سے ان کی اَنا پاکستان سے بھی اونچی ہے۔ انہیں پاکستان کی بھی پرواہ نہیں‘ پی ٹی آئی کو جب تک سہولت ملتی رہی سب ٹھیک تھا، عمران خان کا مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے اور دوسری صورت میں ملک کی تباہ کرنا ہے،پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ کسی بھی صوبے میں گورنر راج لگے، وزیر اعلیٰ کا عہدہ ایک آئینی عہدہ ہے لیکن بدقسمتی سے علی امین گنڈا پور جو کچھ کررہے ہیں‘ وہ سی ایم سے زیادہ پی ٹی آئی کے کارکن کے طور پر کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز بلاول ہائوس میڈیا سیل میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے نائب صدر نیاز احمد خان کی پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ا سعید غنی نے کہا کہ 2014 ء کا عمران کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھیں کہ وہ اگر حکومت میں ہوگا تو سب ٹھیک چلے گا ورنہ کچھ ٹھیک نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد بھی جب تک اسٹیبلشمنٹ اس کے ناجائز، غیر قانونی اور غیر آئینی مطالبے پورے کرتی رہی سب ٹھیک تھا، جب فوج نے بانی تحریک انصاف سے ہاتھ اٹھایا اس وقت سے وہ فوج کے خلاف ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی چاہتا رہا پاکستان کی معیشت اور ملک کے اثاثے لٹ جائیں اور اس نے جاتے جاتے آئی ایم ایف سے بے فائدہ معاہدے کیے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس انا پسند شخص کے غلط معاہدوں کا خمیازہ آج موجودہ حکومت اٹھا رہی ہے۔