اقوام متحدہ اور او آئی سی بے حسی کی تصویر بنی ہے‘عبدالجمیل

115
امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان فلسطینی بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کررہے ہیں

کراچی (پ ر)کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کے تحت الاقصیٰ ملین مارچ میں بھرپور طریقے سے شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ کراچی امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ہے ۔آج غزہ میں اسرائیل کے ظلم کے ایک سال مکمل ہونے پرکراچی کے عوام مظلوم فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرینگے ۔طلبہ ،مزدور ،سرکاری ملازمین سب روڈوں پر نکل کر اسرائیل کے ظلم کا اظہار کریں ۔یہ بات جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان نے شاہراہ فیصل پر جماعت اسلامی کے تحت تاریخی الاقصیٰ ملین مارچ کی کامیابی پر اہل کراچی سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت کورنگی لانڈھی میں لگائے گئے یکجہتی فلسطین کیمپوں کا بھی دورہ کیا ۔ عبدالجمیل خان نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کے ظلم کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے کراچی سے لیکر خیبر تک پوری قوم آج سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرے گی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ غزہ پرظلم ڈھانے کے بعد اسرائیل اب لبنان اور یمن میں بھی کود پڑا ہے اور مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ۔اقوام متحدہ اور او آئی سی بے حسی کی تصویر بنی ہوئی ہے اور اسرائیل کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے ۔مسلمان مغربی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اورآج بروز پیرفلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے ظلم اور بربریت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے یکجہتی کا اظہار کریں ۔