کراچی (این این آئی)سجن یونین ٹائونز میونسپل کارپوریشنز کراچی رجسٹرڈ کے مرکزی صدر سیدذوالفقارشاہ اور ترجمان عباس احمد نے کہا ہے کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے صدرٹائون بھیجے جانے والے ملازمین کی ماہ اگست کی ماہوار تنخواہیں صدر ٹاؤن میں میونسپل کمشنر کی عدم موجودگی کے باعث تاحال التوا کا شکار ہوگئی ہیں۔چیئرمین صدر ٹاؤن کی جانب سے عارضی میونسپل کمشنر کی تعیناتی کی لوکل گورنمنٹ کی جانب سے انڈوسمنٹ نہ ہونے اوروہاں سے آرڈر جاری نہ ہونے کے باعث اس ماہ کی ریگولر تنخواہیں بھی التوا کا شکار ہورہی ہیں۔جس سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ،ملازمین نے گزشتہ روز سینیٹیشن آفس صدر ٹائون پر بھرپور احتجاج کیا۔ انہوں نے آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر میونسپل کمشنر کا تقرر کرکے ماہوار تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔