تحریک انصاف کا احتجاج : مظاہرین کے تشدد سے پولیس اہلکار انتقال کرگیا

122

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے بدترین تشدد کا شکار ہونے والا اسلام آباد پولیس کا اہلکار حمید شاہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔

پولیس کے مطابق حمید شاہ کو چونگی نمبر 26 کے قریب مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار کی نماز جنازہ کچھ دیر بعد پولیس لائنز میں ادا کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق عبدالحمید شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا، وہ 1988 میں اسلام آباد پولیس میں شامل ہوئے تھے اور صرف تین ماہ بعد اپنی سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونے والے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو روز سے وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔

گزشتہ رات وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مظاہروں کے دوران اسلام آباد پولیس کے 31 جبکہ پنجاب پولیس کے 75 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔