ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ : پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے آج ٹاکرا

127

دبئی : آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف اپنے افتتاحی میچ میں فتح کے بعد، پاکستان آج اپنے دوسرے گروپ میچ میں دبئی میں روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گا۔

پاکستان ویمن اور بھارت ویمن کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔

اس سے قبل، پاکستان نے اپنے ابتدائی میچ میں سری لنکا کو 31 رنز سے شکست دی تھی جبکہ بھارت کو نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان سری لنکا کو شکست دینے کے بعد اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کی امید رکھتا ہے، جبکہ بھارت نیوزی لینڈ سے 58 رنز کی ذلت آمیز شکست کے بعد واپسی کی کوشش کر رہا ہے۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ روایتی حریف کے خلاف میچ میں دباؤ کو اچھی طرح سنبھال سکتے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا کوئی خاص دباؤ نہیں ہے۔ تاہم، بڑی تعداد میں تماشائی ہوں گے اور ماحول کشیدہ ہوگا، اس سے کچھ دباؤ بن سکتا ہے، لیکن ہم اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کی کوشش کریں گے اور پُرسکون رہیں گے ۔

انہوں نے سری لنکا کے خلاف 20 گیندوں پر 30 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے گیند کے ساتھ بھی عمدہ کارکردگی دکھائی جب سیمر ڈیانا بیگ زخمی ہو گئیں۔ توقع ہے کہ بیگ اتوار کے میچ کے لیے فٹ ہوں گی۔

دوسری جانب بھارت کے بولنگ کوچ، آوشکر سالوی نے کہا کہ ان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ جمعہ کو جو کچھ ہوا، اتوار ایک نئی شروعات ہے ۔

اسکواڈ: پاکستان: فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سادیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ اروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن شامل ہیں ۔

بھارت: ہرمن پریت کور (کپتان)، سمیتری مندھانا (نائب کپتان)، یستیکا بھاٹیا (وکٹ کیپر)، شفیلی ورما، دیپتی شرما، جیمائما روڈریگز، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، پوجا وستراکر، ارندھتی ریڈی، رینوکا سنگھ، ڈی ہیملاتھا، آشا سو بھانا، رادھا یادو، شریاینکا پاٹل، ایس سجنہ شامل ہیں ۔