بھارت : نازیبا وڈیو بناکر لیڈی ٹیچر کو بلیک میل کرنے والے طلبہ گرفتار

148

آگرہ : بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں دسویں کلاس کے ایک طالب علم نے اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی ٹیچر کی نازیبا وڈیو بنائی اور اُسے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ ٹیچر کی شکایت پر چاروں لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چاروں لڑکے نازیبا وڈیو کے ذریعے اپنی ٹیچر کو ناجائز تعلقات اُستوار کرنے پر مجبور کر رہے تھے۔ جب ٹیچر نے اُنہیں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بلاک کیا تو اُنہوں نے یہ وڈیو انسٹاگرام پر اپ لوڈ کردی ۔

چھپ کر بنائی جانے والی اس وڈیو کے منظرِعام پر آنے پر عوام نے شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ وڈیو کے منظرِعام پر آنے سے ٹیچر کو بدنامی کے باعث شدید شرمندگی ہوئی اور وہ خود کشی کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوئی۔

جب ٹیچر نے بلیک میل ہونے سے انکار کیا اور وڈیو بنانے والے طالبِ علم کا مطالبہ ماننے پر راضی نہ ہوئی تو اس نے ٹیچر سے کہا کہ وہ اُس کے دوستوں سے ملے۔

پولیس نے اس معاملے کی اطلاع ملنے پر ایک این جی او کی مدد سے مداخلت کی، دسویں جماعت کے طالبِ علم اور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کیا جبکہ انسٹاگرام پیج بنانے والا ملزم روپوش ہے۔

ہندوستانی برادری کے وائس چیئرمین وشال شرما نے کہا کہ یہ ایسا جرم ہے جسے کسی طور معاف نہیں کیا جاسکتا۔ معروف سماجی کارکن سمیر قریشی نے کہا کہ استاد اور طالبِ علم کے رشتے کو بدنام کرنے کی یہ واردات جن لوگوں نے کی ہے وہ زندگی میں کبھی پنپ نہیں سکتے۔