وزیر اعلیٰ کے پی کے کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیا گیا، آئی جی پولیس اسلام آباد

110

اسلام آباد: آئی جی پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی کاکہنا  ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) خیبر پختونخواہ ( کے پی کے ) کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے باقاعدہ ایک منصوبہ کےتحت وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیا تھا، جسے ہم نے ناکام بنایا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پولیس اسلام آباد نے کہاکہ   پولیس اہلکار عبدالحمید شاہ کی شہادت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےگی، پی ٹی آئی کے انتہا پسند مظاہرین نے پولیس اہلکار پر تشدد کرکے شہید کیا، پولیس نے اپنی جانیں قربان کرکے پی ٹی آئی قیادت کا ڈی چوک پہنچنے کاپلان ناکام بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پی ٹی آئی کے مظاہرین نے وزیر اعلیٰ کے پی کے کی قیادت میں داخلی اور خارجی راستوں پر دھاوا بولتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر ہلا بول دیا، پولیس اہلکار کی شہادت پر 10 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

علی ناصر رضوی کاکہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کا احتجاج پرامن بالکل بھی نہیں تھا، پرتشدد مظاہرین نے باقاعدہ پلاننگ کے تحت قانون ہاتھ میں لیتے ہوئے سیف سٹی کے 154 ملین روپے کے 441 کیمرے توڑے گئے، 31 پولیس موٹرسائیکل توڑی گئیں، لاتعداد گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے۔