حکومتی سرپرستی میں نیٹو اسلحہ ڈاکوئوں کو دیا جارہا ہے ، عوامی تحریک

110

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عوامی تحریک، ضلع کشمور ،کندھ کوٹ کے انتخابات اور”سندھ کی زمینیں اور وسائل بچاؤ” کانفرنس تنگوانی میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی آرگنائزر ایڈووکیٹ وسند تھری، مرکزی رہنما نور احمد کاتیار، نو منتخب ضلعی صدر ایڈووکیٹ آصف کھوسو، منصور بپڑ، جی علی ڈاہانی، پیارو بپڑ، نیاز لاشاری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ڈاکو راج قائم کیا گیا ہے۔ حکومتی سرپرستی میں ڈاکوؤں کو نیٹو کے اسمگل شدہ ہتھیار پہنچائے جا رہے ہیں۔ ڈاکو لوگوں کو اغوا کر کے ان پر بے رحمانہ تشدد کرتے ہیں اور تاوان طلب کرتے ہیں۔ حکومت ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ حکومت غیر جمہوری فیصلے کر کے پاکستان کے وفاق کو کمزور کر رہی ہے۔ ایس آئی ایف سی کا قیام جمہوریت پر حملہ ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ارسا ایکٹ میں غیر آئینی ترمیم پاکستان کے وفاق کے خلاف سازش ہے۔ ارسا ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے ملک دشمنی کی جا رہی ہے۔ ملک میں شامل مختلف اقوام کے وسائل اور زمینیں نیلام کر کے ملک کو ترقی نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جان بوجھ کر ملک کو انتہا پسندی کے دلدل میں دھکیلا ہے۔ محمد علی جناح کی 11 اگست والی تقریر کو غائب کر کے انتہا پسندی کی بنیاد رکھی گئی۔ جنرل ضیاء الحق نے اپنے مفادات کی خاطر پاکستان کی سالمیت کا سودا کیا۔ جنرل ضیاء نے ملک میں انتہا پسندی کا ایسا بیج بویا ہے جس سے آج تک پاکستان نکل نہیں سکا۔ حکومتی سرپرستی میں انتہا پسندوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ ماورائے عدالت قتل عدلیہ کی توہین ہیں۔ ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کا قتل پورے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کو قتل کرنے کا حکم دینے والے افسران سرعام آزاد گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے قتل کی اعلیٰ عدالتی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دی جائے۔ انتہا پسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف موثر آپریشن کر کے انہیں ہتھیار فراہم کرنے اور ان کو تربیت دینے والے ملک دشمن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ڈاکوؤں کو حاصل سرکاری سرپرستی کے متعلق عدالتی کمیشن تشکیل دی جائے۔ جبکہ ضلعی الیکشن میں صدر آصف کھوسو، نائب صدر نیاز لاشاری، جنرل سیکرٹری منصور بپڑ، جوائنٹ سیکرٹری امتیاز بپڑ، خزانچی صدام کھوسو، پریس سیکرٹری غلام علی ڈاہانی، آفس سیکرٹری تاج کھوسو، کلچرل سیکرٹری ممتاز بپڑ، لیگل سیکرٹری نواز بپڑ، ممبران میں گل بپڑ، عبدالفتح بلوچ، پیارو بپڑ، راجہ بپڑ منتخب ہوئے۔