الخدمت اسپتال لطیف آباد میں توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہیں،عابد بخاری

161

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سٹیزن ایکشن کمیٹی حیدرآباد کے چیئرمین عابد بخاری اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ندیم نے گذشتہ روز “الخدمت اسپتال” لطیف آباد میں ایک مریضہ کے شوہر کیساتھ مل کر غیر متعلقہ افراد کے نامناسب رویے اسپتال میں توڑ پھوڑ’ لوٹ مار اور منظم غنڈہ گردی کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اسپتال لطیف آباد 9 نمبر میں برسوں سے غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کی انتہائی کم فیس میں خدمت کررہا ہے۔ یہ ایک بہترین اسپتال ہے۔ روزانہ ایک ہزار سے زیادہ مریض 36 سے زائد اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سے مستفید ہوتے ہیں۔2 اکتوبر کی صبح مریضہ اریبہ زوجہ شہباز شیخ* کی کامیاب ڈلیوری کے بعد اچانک طبیعت خراب ہونے پر سول اسپتال ریفر کیا گیا جہاں 4 بجے شام مریضہ جاں بحق ہو گئیں۔ کئی گھنٹوں کے بعد لواحقین کے ساتھ کچھ غیر متعلقہ لوگوں نیاسپتال پہنچ کر بظاہر احتجاج کرتے ہوئے الخدمت اسپتال میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار شروع کر دی ایکسرے’ الٹرا ساونڈ اور لیبارٹری کی قیمتی مشینیں توڑ دیں اسٹاف اور ڈاکٹرز پر تشدد کیا’ اسپتال میں داخل مریضوں پر تشدد کر کے نکال دیا ایک مریضہ کی حالت نازک ہے۔ اسپتال میں لگے ہوئے CCTV کیمرے ریکارڈ سسٹم’ کمپیوٹرز کی ہارڈ ڈسک’ طبی آلات’ اسٹاف اور مریضوں کے موبائل فونز اور لاکھوں روپے بھی نکال کر ساتھ لے گئے۔ اسپتال کا ٹوٹا ہوا فرنیچر اور ڈاکٹرز کے ٹوٹے ہوئے چیمبرز لوٹ مار’ تشدد اور غنڈہ گردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔یہ بات قابل غور اور سوالیہ نشان ہے کہ مریضہ کا انتقال سول اسپتال حیدرآباد ہوا ہے اور کئی گھنٹے بعد لوٹ مار اور توڑ پھوڑ “الخدمت اسپتال” لطیف آباد میں کی گئی سٹیزن ایکشن کمیٹی نے واقعہ کے ذمے داران کی گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔