اساتذہ پاکستان کی ترقی کو ممکن بناسکتے ہیں، پروفیسر عبدالعلیم خانزادہ

73

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی و ممبر قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ نے عالمی یوم اساتذہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ کرام کی بدولت قوم ترقی و فلاح پاتی ہیں اساتذہ ہی بچوں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کی بدولت قوموں کا مستقبل سنوارتے ہیں ٹیچنگ ایک باوقار پیشہ ہے اور ان کا احترام ہم سب پر فرض ہے ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پہلے معلم تھے انکے بتائے ہوئے اصولوں اور طریق پر عمل کر کے ہم اور اساتذہ پاکستان کی ترقی اور مثبت معاشرتی تبدیلیوں کو ممکن بنا سکتے ہیں ٹیچرز بچوں و طلبہ میں نظم وضبط کی بنیاد ڈالتے ہیں اور اس سے قومیں تشکیل پاتی ہیں ہمارے اساتذہ کرام پاکستان کے سخت ماحول اور مشکلات میں کم وسائل کے باوجود اعلی کارکردگی کے حامل ہیں ،چیئرمن ایم کیو ایم و وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وفاقی حکومت کی ہدایت پر وزات تعلیم پاکستان میں تعلیم و اساتذہ کی مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے بقایا جات و پنشن کے لئے جو تکالیف اٹھانی پڑتی ہے انہیں آسان بنایا جائے اور اسی طرح اساتذہ کرام کے لئے ریل و ائیر ٹکٹ پر خصوصی رعایت اور علاج معالجہ کے لئے بہترین اسپتالوں میں مفت سہولیات فراہم کی جائیں میں بھی قومی اسمبلی و قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ تجاویز رکھوں گا۔ انہوں نے عالمی یوم اساتذہ پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اساتذہ اس پر آشوب ماحول میں لگن و جدوجہد کے ذریعے پاکستان کی خدمت جاری رکھیں گے۔