لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے، انتشاری گروہ کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، خیبر پختونخوا کے سوا پورے ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے، کسی شرپسند کو ریڈ زون کے قریب پھٹکنے نہیں دیں گے، احتجاج کرنا اصل میں این آر او لینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ شہباز شریف کی کاوشوں سے سفارتی تنہائی ختم ہوئی اور خارجہ پالیسی اب درست سمت میں گامزن ہے،دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کی معترف اور پاکستان کے ساتھ تجارت کی خواہاں ہے، وزیر اعظم نے یو این او اجلاس میں مسئلہ کشمیر کا مقدمہ عوام کے سامنے رکھا اور مقبوضہ کشمیر میں عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ۔