سکھر۔ (اسپورٹس ڈیسک):ضلعی انتظامیہ سکھر اور ریلوے سکھر کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا ، سکھر انتظامیہ نے میچ جیت لیا ۔ کمشنر سکھر کے دفتر سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں ضلعی انتظامیہ سکھر و ریلوے سکھر ڈویژن کے افسران کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا ، یہ میچ کھیلوں کے فروغ اور محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے کھیلا گیا ۔ ضلع انتظامیہ سکھر کی ٹیم کی قیادت کمشنر فیاض حسین عباسی کر رہے تھے جبکہ ریلوے کی ٹیم کی قیادت کپتان رانا تنویر کر رہے تھے۔کمشنر فیاض حسین عباسی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کمشنر سکھر کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں بغیر وکٹ گنوائے 167 رنز بنائے، ۔کمشنر سکھر نے ناقابل شکست 101 رنز بنائے جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے 55 رنز کی شراکت دی۔ ریلوے سکھر کی ٹیم 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 99 رنز بنا سکی ۔ ریلوے سکھر کے کپتان تنویر نے اس دلچسپ ایونٹ کے انعقاد پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔کمشنر سکھر و ڈپٹی کمشنر سکھر کا کہنا تھا کہ ہم سکھر میں مستقبل میں مزید ایسے پروگراموں کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں، جن کا مقصد سکھر میں کھیلوں اور فنون کی ترویج ہے۔آخر میں انجینئر فیاض میمن (اسسٹنٹ ڈائریکٹر پارکس، ایس ایم سی)، اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر وسیم مھر، بابر بلو (مختیارکار سکھر سٹی) اور ایس ایم سی کے افسر افضال چنہ کو اس میچ کو شاندار طریقے سے منعقد کروانے پر کمشنر و ڈپٹی کمشنر سکھر کی جانب سے سراہا گیا۔