ملتان (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان3 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے ملتان میں شروع ہو نے جا رہا ہے جس میں بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ کھیلنے والی بیٹنگ لائن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ سے 2 دن پہلے انگلینڈ نے اولی پاپ کی قیادت میں کھیلنے والی 11 ارکان پر مشتمل ٹیم کا اعلان کر دیا، البتہ شان مسعود کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کے نام ٹاس سے پہلے سامنے آئیں گے، تاہم ملتان سے موصول اطلاعات کے مطابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور کپتان شان مسعود نے بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ کھیلنے والی بیٹنگ لائن اپ کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنگلادیش نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میں پاکستان نے 13 کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا، دونوں ٹیسٹ میں ایک سے نمبر 7 تک بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ کی 4 اننگز میں وکٹ کیپر محمد رضوان 98.00 کی اوسط سے 294 رنز بنا کر سر فہرست رہے تھے، نائب کپتان سعود شکیل نے سیریز میں محمد رضوان کے علاوہ قومی ٹیم کے لیے دوسری سنچری بنائی تھی۔ البتہ راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 141 رنز کی اننگز کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز اگلی3 اننگز میں صرف 18 رنز بنا سکے تھے۔ سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز بابر اعظم 4 اننگز میں صرف 64 رنز اسکور کر سکے تھے۔ کپتان شان مسعود نے ایک نصف سنچری کے ساتھ 105، آغا سلمان نے 120 اور بائیں ہاتھ کے جارح مزاج اوپنر صائم ایوب نے 2 نصف سنچریوں کے ساتھ 135 رنز اسکور کیے تھے۔ سب سے مایوس کن کارکردگی 24 سال کے عبداللہ شفیق کی رہی تھی، جنہوں نے 2,37,0,3 کی 4 باریوں کے ساتھ سیریز میں صرف 42 رنز بنائے تھے۔ البتہ ٹیم منیجمنٹ نے انگلینڈکے خلاف ملتان ٹیسٹ میں ابتدائی7 نمبروں کے لیے عبداللہ شفیق ،صائم ایوب، شان مسعود ( کپتان ) بابر اعظم ،سعود شکیل ، محمد رضوان (وکٹ کیپر ) اور آغا سلمان کے ساتھ جا نے کا ہی فیصلہ کیا ہے۔