اساتذہ کا معاشرے کی تربیت میں اہم کردار ہے،سعید غنی

40

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اساتذہ کا معاشرے کی تربیت میں اہم کردار ہے۔ استاد کا پیشہ ذریعہ معاش بھی ہے لیکن ساتھ ساتھ ذمہ داریوں کو ایمانداری سے ادا کرنے کا تقاضہ بھی کرتا ہے۔ جن بچوں کو ہم پڑھاتے ہیں ان کی تعداد ہزاروں میں ہوتی ہے، اگر وہ بچے اچھے انسان بن جاتے ہیں تو اندازہ لگائیں وہ معاشرے کے لئے کتنے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ اکیڈمیہ چوائس ایوارڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیر اعلی سندھ کے مشیر سید نجمی عالم، رکن سندھ اسمبلی آصف موسی، سید حیدر علی، سید توصیف شاہ، دانش بلوچ، محمد سلیم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں پیپلز پارٹی کے محمد آصف خان و دیگر بھی شریک ہوئے۔