جماعت اسلامی کا ’’الاقصیٰ ملین مارچ ‘‘آج ہوگا‘ انتظامات مکمل

69
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کراچی بار ایسو سی ایشن کے عہد یدار ان کو ’’الااقصیٰ ملین مار چ ‘‘ میں شر کت کی د عوت جبکہ دوسری جانب و کلاء اور میڈ یا کے نمائندوں سے گفتگو کر ر ہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے و لبنان پر حملے کے خلاف اور’’اہل غزہ وفلسطین‘‘سے اظہار یکجہتی کے لیے آج 3بجے سہ پہر شاہراہ فیصل پر عظیم الشان ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ ہو گا۔شہر بھر سے لاکھوں مرد وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سمیت علماء، وکلاء،ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ، تاجر، مزدور سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔ ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔مارچ کے سلسلے میں ہفتہ کو بھی شہر بھر میں کیمپ لگائے گئے اور بڑی تعداد میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کراچی کے عوام،تمام طبقات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مردوخواتین سے اپیل کی کہ پورے ایمانی جذبے اور بھر پور جوش و خروش کے ساتھ جوق درجوق اپنی فیملی کے ہمراہ ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ میں شر یک ہوں اور اسرائیل کی جارحیت،امریکا اسرائیل گٹھ جوڑ،قبلہ اوّل پر قبضے کی سازشوں و کوششوں کے خلاف اور اہل غزہ وفلسطینی مسلمانوں کی جدو جہد کے ساتھ بھر پور اظہارِ یکجہتی کریں۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سٹی کورٹ کا دورہ کیا،کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ ، جنرل سیکرٹری اختیار علی چنا، سندھ بار کے جنرل سیکرٹری سرفراز احمد متیلوودیگر وکلا سے ملاقات کی ۔منعم ظفر خان نے وکلا کو جماعت اسلامی کے تحت آج شارع فیصل پر ہونے والے عظیم الشان ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ میں شرکت کی دعوت دی، وکلا برادری کی طرف سے ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ کی مکمل تائید وحمایت اور شرکت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ علاوہ ازیں ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ میں لاکھوں مردو خواتین کی شر کت کے پیش نظربڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں، شہر بھر سے آنے والے جلوسوں،ریلیوں اور قافلوں کی صورت میں شارع فیصل پر پہنچیں گے،مین نرسری اسٹاپ پرموجود بالائی گزر گاہ کو اسٹیج بنایا گیا ہے،جہاں سے قائدین خطاب کریں گے۔شارع فیصل پر سڑک کا ایک ٹریک مردوں اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص کیاگیاہے۔ ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ کی کوریج کے لیے قومی و بین الاقوامی الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی دعوت دی گئی ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے بڑی پریس گیلری بنائی گئی ہے جبکہ سوشل میڈیا کے لیے بھی علیحدہ سے کیمپ لگایا گیا ہے۔ مارچ کے سلسلے میں رابطہ عوام مہم کے ذریعے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر شہریوں کو شر کت کی دعوت دی گئی۔جماعت اسلامی کے مردو خواتین کارکنان اور ذمے داران ہفتہ کے روز بھی سارا دن سر گرمِ عمل رہے۔عوام کی جانب سے زبردست جوش و خروش اور مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور توقع ہے کہ ’’الاقصیٰ ملین مارچ‘‘ کراچی کے عوام کا تاریخی اور یادگار مارچ ثابت ہو گا۔منعم ظفر خان نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین میں گزشتہ ایک برس سے اسرائیل کا رقص ابلیس جاری ہے اور تقریباََ45ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ، امریکا اسرائیل کی ہر طرح کی مدد کررہا ہے اور دنیا بھر کا اسلحہ بھی مہیا کررہا ہے ، فلسطینی عوام اس بدترین ظلم وجبر کے باوجود ڈٹے ہوئے ہیں ،کچھ عرصہ پہلے 40مسلم ممالک کی فوج بنائی گئی تھی لیکن وہ فوج ہمیں آج اوراس صورتحال میں کہیں نظر نہیں آرہی ، امریکا اور مغربی ممالک کی جامعات میں طلبہ فلسطینی عوام کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ، لیکن مسلم ممالک کے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ، اقوام متحدہ اور او آئی سی اس حوالے سے کچھ نہیں کررہے ، اقوام متحدہ نے سوائے قراردادیں پاس کرنے کے کچھ نہیں کیا، حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے پورے گھرانے کو شہید کردیا گیا ، حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کو شہید کردیا گیا ، لیکن اہل فلسطین کی ہمت میں کوئی کمی نہیں آئی ، جماعت اسلامی آج شارع فیصل پر الاقصی ملین مارچ منعقد کررہی ہے ،ہم کراچی اور سندھ بار ایسوسی ایشن کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے الاقصی ملین مارچ میں شرکت کو دعوت کو قبول کیا ہے۔ اس موقع پرنائب امیر کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ، اسلامک لائرز موومنٹ کے صدر عبد الصمد خٹک ،سابق صدر شاہد علی خان،عثمان فاروق ایڈووکیٹ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے۔عامر وڑائچ نے کہاکہ ہم جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی ہمیشہ فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے ، اسرائیل کا ایک ہی مشن ہے کہ مسلمانوں کی نسل کشی کرے ، امریکا صرف اس لیے اتنی ہمت کرتا ہے کیونکہ مسلم ممالک متحد نہیں ہیں،کراچی بار حکومت پاکستان سے بھی کہتی ہے کہ فلسطین کے لیے آواز اٹھائے ، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اس لیے اس کی بہت اہمیت ہے ، ہم فلسطینیوں کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں ،کراچی بار فلسطینیوں پرظلم کی مذمت کرتی ہے ۔اختیار علی چنا نے کہاکہ کراچی بار فلسطین کے مسلمانوں کیساتھ کھڑی ہے ، افسوس کہ مسلم ممالک کے حکمران فلسطین کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کررہے ، ہم جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، اقوام متحدہ نے فلسطین کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ وہ تو اسرائیل کا ساتھ دے رہا ہے ۔