لبنان: مہاجر کیمپ پراسرائیلی حملہ‘حماس کمانڈراہلیہ‘ 2 بیٹیوں سمیت شہید

68

بیروت /غزہ /تل ابیب /صنعا /واشنگٹن / تہران (مانٹرنگ ڈیسک /آن لائن) لبنان پر اسرائیل کے حملوں میں حماس کے کمانڈر اہل خانہ سمیت شہید ہوگئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی لبنان کے مہاجر کیمپ پر اسرائیل کے حملے میں کمانڈر عطا اللہ علی، ان کی اہلیہ اور 2 بیٹیاں شہید ہوگئے۔ حملے کے وقت کمانڈر عطا اللہ بداوی مہاجر کیمپ میں واقع اپنے گھر میں موجود تھے۔ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رہی۔غزہ میں صیہونی بمباری سے مزید 29 فلسطینی شہید ہوگئے، بوریج میں فضائی حملے کے دوران 5 فلسطینی بچے شہید ہوگئے، تلکریم میں شہید ہونے والے 18 فلسطینیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 41 ہزار 788 ہوگئی۔ اسرائیل نے لبنان حملے تیز کر دیے ہیں ، جنوبی لبنان کے 3 اسپتالوں نے اسرائیلی حملوں کی شدت کے باعث سروسز معطل کرنے کا اعلان کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق حالیہ حملوں میں المنصوری، مجدل زون اور الخیام کے قصبوں کو نشانہ بنایا گیا، جنوبی لبنان سے اسرائیل کے شمال میں الجلیل کی طرف میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں جنوبی لبنانی قصبوں پر انٹرسیپٹر میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی فوج کاکہنا ہے کہ ایک ڈرون نے گولان میں ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ادھر اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کے تمام فوجی مقامات کی تباہی تک فوجی آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ امریکی اور برطانوی فوج نے یمن میں حوثی باغیوں کے 15 ٹھکانوں پر بمباری کی۔حوثی میڈیا نے بتایا کہ صنعا سمیت کئی شہروں پر حملے کیے گئے، امریکی سینٹرل کمانڈ نے وضاحت کی کہ گزشتہ روز یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 15 حوثی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر وہ اسرائیل کی جگہ ہوتے تو ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بجائے کسی متبادل پر غور کرتے‘ اسرائیلی وزیراعظم کملا ہیرس کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا صدر دیکھنا چاہتے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ابھی تک یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ ایران کو کیسے جواب دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ سے زیادہ کسی نے اسرائیل کی مدد نہیں کی، یہ بات اسرائیلی وزیراعظم کو جاننی چاہیے، اگر وہ الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں تو وہ اس بات سے واقف نہیں مگر وہ اس پر انحصار بھی نہیں کر رہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے حزب اللہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہید حسن نصراللہ کو عارضی طور پر ایک خفیہ مقام پر امانتاً دفن کردیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی ہے جبکہ اے ایف پی کے مطابق ذرائع نے اپنی شناخت نہ ظاہر کرنے کی درخواست بتایا کہ ’حسن نصر اللہ کی اجتماعی تدفین کے لیے مناسب حالات کا انتظار کیا جا رہا ہے کیونکہ اسرائیل کی جانب سے سوگواروں کے بڑے اجتماع اور تدفین کی جگہ کو نشانہ بنائے جانے کا خطرہ ہے۔آئرلینڈ نے اسرائیلی فوج کی اسرائیل لبنان بارڈر سے آئرش امن مشن فوجی دستہ واپس بلانے کی درخواست مسترد کردی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے آئرلینڈ سے درخواست کی تھی کہ وہ اسرائیل لبنان بارڈر کی پوسٹ 52-6 سے اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل اپنا فوجی دستہ واپس بلالے تاہم ڈبلن نے اسرائیلی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کے سینئر افسران میں اس وقت یہ بحث روز پکڑ چکی ہے کہ اسرائیل کی حمایت میں مزید امریکی فوجیوں کی مشرق وسطیٰ کی طرف روانگی خطے میں کشیدگی کی صورتحال میں مزید اضافے کا خطرہ پیدا کردے گی۔امریکی فوج کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس اور حزب اللہ کا خاتمہ کرنے کے اپنے دیرینہ عزائم حاصل کرنے کیلئے امریکی فوج کی موجودگی کا فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مختلف اسرائیلی حملے جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے میں درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں جب کہ مجموعی طور پر اموات کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں 127 بچے اور 261 خواتین شامل ہیں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کے جنگجوؤں کو جنوبی لبنان کی ایک مسجد کے اندر راتوں رات نشانہ بنایا ہے جس میں کچھ اموات ہوئی ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی تعداد نہیں رپورٹ نہیں کی گئی۔ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے کہا کہ ہمارے جنگجوؤں نے مارون جنگل کے علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے اسرائیلی مرکاوا ٹینک کو نشانہ بنانے کے لیے گائیڈڈ اینٹی آرمر میزائل کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کا جانی نقصان ہوا۔اقوام متحدہ کے کمشنر نے کہا ہے کہ 2 لاکھ سے زاید افراد اسرائیلی بمباری سے فرار ہونے کے لیے لبنان سے شام میں پناہ لے چکے ہیں۔ فلیپو گرانڈی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ حکام، شامی ہلال احمر اور ان کی ایجنسی سرحد کے ساتھ بے گھر ہونے والوں کو مدد فراہم کر رہی ہے۔ تہران پر اسرائیلی حملوں کے خوف سے ملک کے سب سے بڑے آئل ٹرمینل سے ٹینکر نکال لیے گئے۔ نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی (این آئی ٹی سی) کو اسرائیل کی طرف سے ایک حملے کا خدشہ دکھائی دے رہا ہے اور اس نے ٹینکرز ملک کے سب سے بڑے آئل ٹرمینل ’’ خرگ‘‘ جزیرے سے نکال لیے ہیں۔ یہ بات کمپنی ٹینکر ٹریکرز ڈاٹ کام نے ایکس پر بتائی۔ امریکی ذرائع ابلاغ نے امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر ذمہ دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل 7 اکتوبر کو ہوئے حماس کے حملے کی یاد میں ایران پر حملہ کرسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے بائیڈن انتظامیہ کو ایسی کوئی ضمانت پیش نہیں کی ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے مذکورہ ذمہ دار نے امریکی نیوز چینل ’’سی این این‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ جاننا مشکل ہے آیا اسرائیل 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کا ایک سال پورا ہونے کا موقع ایران پر حملے کے لیے استعمال کرے گا۔