کراچی: پیپلز پارٹی کی جانب سے جماعت اسلامی کے الاقصیٰ مارچ میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت نے کراچی میں پی پی رہنماؤں سے ملاقات کرکے اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے الاقصیٰ مارچ سے متعلق پروگرامز کی باضابطہ دعوت دی جسے پیپلزپارٹی نے قبول کرلیا۔
کراچی میں جماعت اسلامی کے وفد نے محمد حسین محنتی کی سربراہی میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور وقار مہدی سے کھوڑو ہاؤس میں ملاقات کی اور 6 اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وفد کو یقین دلایا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان 6 اکتوبر اتوار کو جماعت اسلامی کے تحت شاہراہ فیصل پر ہونے والے الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کریں گے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کراچی سے تمام اضلاع کے رہنما و کارکنان صوبائی صدر نثار کھوڑو، وقار مہدی اور سعید غنی کی سربراہی میں کل 6 اکتوبر کو پیپلز سیکریٹریٹ سے ریلی کی صورت میں شاہراہ فیصل پر جماعت اسلامی کے ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان جماعت اسلامی کے 7 اکتوبر کو غزہ یکجہتی پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔ غزہ، فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی مظالم اور جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ غزہ، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی روکتھام کے لئے کردار ادا کرے۔