کراچی:منوڑہ کے قریب پکنک مناتے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ڈوب کر جاں بحق

210

کراچی:منوڑہ کے قریب پکنک منانے کے لیے گئے ہوئے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے میں منوڑہ کے قریب  فیڈرل بی ایریا کے رہائشی خاندان کے 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، جن میں 2 خواتین اور 2 لڑکے شامل تھے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس، امدادی اداروں اور غوطہ خوروں کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور کچھ گھنٹوں کی کوشش کے بعدسمندر میں ڈوبنے والی 2 لڑکیوں اور ایک لڑکے کی لاش نکالنے میں کامیاب ہو گئے، تاہم چوتھے شخص کی  لاش تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے۔

سمندر سے ملنے والی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت 24 سالہ معاذ، 20 سالہ حفظہ اور ایک حبا نامی لڑکی کی ہوئی جب کہ چوتھے  کی شناخت 24 سالہ غلام مصطفی کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش  تلاش کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سمندر میں ڈوبنے والے نوجوان کراچی کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 9 دستگیر فرزانہ دواخانہ کے قریب کے رہائشی تھے اور تمام افراد پکنک کے لیے منوڑا کے ساحل پر آئے تھے۔