ایران اور حزب اللہ کی طرف سے میزائل حملوں کے خوف کے باعث اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ میں ساری رونقیں ختم ہوگئی ہیں۔ لوگ گھروں میں دُبکے ہوئے ہیں۔ حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نقل و حرکت کم سے کم رکھیں اور کسی انتہائی نوعیت کی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر قدم نہ رکھیں۔
حیفہ بندرگاہ ہے اور عام دنوں میں یہ بندرگاہ خاصی پُررونق دکھائی دیتی ہے۔ لوگ ساحل پر گھومتے دکھائی دیتے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں پورے طمطراق سے جاری رہتی ہیں۔
شمالی اسرائیل کی یہ بندرگاہ اسرائیلی کے معاشی یا تجارتی اعتبار ہی سے نہیں بلکہ اسٹریٹجک اعتبار سے بھی بہت اہم ہے۔ تین دن قبل حزب اللہ نے حیفہ کی خلیج اور دیگر ملحق علاقوں پر 100 سے زائد راکٹ داغے تھے۔ تب سے اب تک اس پورے علاقے میں چہل پہل ختم ہوکر رہ گئی ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنے نمائندوں کو جنگ کی کوریج کے لیے اسرائیل بھیجا ہے۔ گراؤنڈ زیرو یعنی حیفہ سے ایک رپورٹ میں انڈیا ٹوڈے کے رپورٹر گورو ساونت نے بتایا کہ ایران اور حزب اللہ کی طرف سے حملوں کے خوف نے اسرائیل کے لوگوں کے ذہنوں کو جکڑ رکھا ہے۔