اسلام آباد:وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب مارچ اور احتجاج کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے ایسے وقت کا چناؤ کرنا کہ جب شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس پاکستان میں ہو رہا ہے، یہ سب پاکستان کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کے لیے وقت کا چناؤ بدقسمتی اور قابل مذمت ہے، ان کا یہ اقدام پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب پاکستان میں ایس سی او سربراہی اجلاس شیڈول ہے، احتجاج کےلیے اس وقت کے چناؤ کا مقصد ملک میں انتشار پیدا کرنا اور اس کا مقصد ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایک ملک کے وزیر خارجہ کو احتجاج میں شرکت کی دعوت سیاسی مفادات کےلیے ملکی ساکھ نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، جب دنیا دیکھ رہی ہو تو ہمیں اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت پاکستان کے لیے عزم، استحکام اور قیادت کرنے کا وقت ہے، ہمیں چھوٹے چھوٹے سیاسی مفادات سے بالا تر ہونا پڑے گا۔