جب چاہیں فوج کو لاکر کھڑا کردیں، اس سے مارشل لا کا تصور مل رہا ہے، حافظ نعیم

120
there will be protests in Islamabad

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جب چاہیں فوج کو لاکر کھڑا کردیں، ایسے اقدامات سے مارشل لا کا تصور مل رہا ے۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک کی صورت حال اس وقت تشویش ناک ہے۔قیام امن کے نام پر حکومت کے اقدامات جمہوری اعتبار سے انتہائی شرمناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام  آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج ان کا قانوناً حق ہے، حکومت کو چاہیے کہ انہیں سہولت فراہم کرے۔ اسلام آباد کو کنٹینرز لگا کر کیوں بند کردیا گیا ہے؟۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دارالحکومت کو کنٹینرز لگا کر بند کرنے سے حکومتی بوکھلاہٹ کا اندازہ ہو جاتا ہے۔  آنسو گیس، لوگوں کو تنگ کرنا قبول نہیں ہے۔ حالات کو معمول پر لاکر ٹھیک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فوری طورپر حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو پارٹی جہاں جلسہ کرنا چاہتی ہے اسے اجازت دے۔ پورا پنجاب پریشان ہوگیا ہے، موٹروے، جی ٹی روڈ بند ہے، بیماروں کا کیا حال ہوگا۔ پاکستانی عوام اذیت کا شکار ہیں حکومت کے پاس طاقت ہے تو وہ صورتحال کو بہتر بنائے۔

مقبوضہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مارشل لا میں بھی ایسا نہیں ہوا جو اس نام نہاد جمہوری حکومت میں ہو رہاہے۔ بدترین بمباری کرکے اسرائیل بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے، جس میں لاکھوں زخمی و شہید ہیں۔ اسرائیل نے جنگ کو بڑھا دیا ہے یمن ایران پر بمباری کی تیاری کررہا ہے تاکہ عالمی جنگ شروع ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار یہ ہے کہ تمام اسلامی ممالک کی کانفرنس بلائے۔ اگر عرب ممالک میں آگ لگی ہوگی تو کیا ہم بچیں گے؟۔ غزہ معاملے پر حکومت تمام جماعتوں کو آن بورڈ لیتی جس پر سیاسی اختلافات بھلاکر ون پوائنٹ ایجنڈا پر بات کرتی۔ ہم غزہ کے معاملے پر بات چیت کےلیے پیپلزپارٹی اور حکومت کے پاس گئے ۔ حکومت نے بھی 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس طرح بہت مضبوط پیغام دنیا کو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مارا ماری یا ہنگامہ آرائی، یا صوبے کو لاک ڈاؤن کرنا ہے تو پھر غزہ کو کیا پیغام جائے گا۔ جماعت اسلامی عوام سے پرزور اپیل کرتی ہےکہ وہ 7اکتوبر کو 12 بجے یوم یکجہتی غزہ منائیں اور سڑکوں پر نکلیں۔ 7 اکتوبرکو اپنے خاندان کے ہمراہ سڑکوں پر نکلیں وڈیوز بنائیں اور بتائیں دنیا کو کہ وہ غزہ کے ساتھ ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کل کراچی جاؤں گا، ایسا ملین مارچ نکالیں گے کہ سابقہ ریکارڈ ٹوٹ جائےگا۔ اسلام آباد میں بھی کسی پوائنٹ پر جاکر غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کروں گا۔ اس کے لیے ہم پی ٹی آئی واپوزیشن اور حکومتی جماعتوں کے پاس گئے ہیں، علمائے کرام و سول سوسائٹی سے بھی رابطہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے سیاسی مفاہمت ہو۔ جب حکومت مفاہمت کا راستہ بند کردے تو کیسے کریں گے؟۔ انہیں اپنے عمل سے مفاہمتی عمل کو دکھانا ہوگا۔ مفاہمت کا گہرا تعلق حکومتی رویے سے ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مارشل لا کا تصور مل رہا ہے جب چاہیں فوج کو لاکھڑا کریں، پہلے بلوچستان اب لاہور و اسلام آباد میں فوج کی ضرورت تو حکومت کہاں ہےاس کا کیا کام ہے؟ ۔