الاقصیٰ ملین مارچ میں تاجر بھی بھرپور شرکت کرینگے، محمود حامد

53

کراچی(نمائندہ جسارت)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد، سینئر نائب صدر لیاقت علی، پاکستان کنفیکشنری ایسوسی ایشن کے چیئرمن جاوید عبد اللہ، ناز و جناح پلازہ کے صدر سید نوید احمد، کراچی اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک، بولٹن مارکیٹ ٹریڈ رزکے صدر شریف میمن، صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اسلم خان، بابر مارکیٹ لانڈھی کے نائب صدر محمد یاسین، طارق روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اسلم بھٹی، فلک ناز ٹاور ٹریڈ ایسوسی ایشن کے صدر مختار، لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کے جنرل سیکرٹری ایوب خان، صدر ٹریڈ رزالائنس کے چیئرمین دلاور خان نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میںکل بروز اتوار 6 اکتوبر کو 3 بجے شارع فیصل پر ہونے والے الاقصیٰ ملین مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اسے وقت کی آواز قرار دیا اور بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہاہے کہ ایک سال میں 45 ہزار سے زاید فلسطین شہری جس میں 32 ہزار سے زاید بچے اور خواتین ہیں، صہیونیت کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں ،غزہ میں یہودی درندوں نے اسپتال، اسکول، مساجد، پناہ گاہیں ،شہری آبادیاں سب کچھ تباہ کردیا اورلوگوں کو انہیں پانی اور غذا سے محروم کیا جارہا ہے،ان پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کرکے ان کی ہڈیاں بھی گلائی جارہی ہیں مگر عالمی امن کے ٹھیکیدار اس سفاکیت کے باوجود اسرائیل کی پیٹ ٹھوک رہے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت کے فیصلوں کے باوجود عالمی سامراجی ٹولا ظالموں کی پشت پناہی کررہا ہے ایسے موقع پر پاکستانی عوام کی جانب سے مظلوم اور غیور فلسطینیوں کے لیے 6 اکتوبر کا الاقصیٰ ملین مارچ بہترین فیصلہ ہے،قبلہ اول کے محافظوں سے اس اظہار یکجہتی میں تاجر برادری پوری طرح شریک ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہاکہ تاجر اور عوام اسرائیلی و امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 6 اکتوبر کو عزم کریں کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیل کی بربادی تک یہودی اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے مال کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔