الخدمت فائونڈیشن متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،عرفان الحق قریشی

128

میرپورخاص (نمائندہ جسارت)الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص مینجمنٹ کمیٹی کی ایک میٹنگ زیر صدارت عرفان الحق قریشی کے منعقد ہوئی جس میں الخدمت کے تحت چلنے والے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور رپورٹ پیش کی گئی اجلاس میں سندھ ریجن کے نائب صدر نادر خان جنرل سیکرٹری ندیم غوری شعیب احمد زین العابدین زبیر احمد و دیگر نے شرکت کی اور جائزہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن میر پورخاص عرفان الحق قریشی نے کہا کہ ہمیں ضلعی سطح پر زیادہ سے زیادہ فنڈ اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے اس کے لیے جدوجہد تیز کرنا ہوگی کیونکہ الخدمت کے تحت چلنے والے آرفن پروگرام سمیت راشن پروجیکٹ الخدمت موبائل ڈسپنسری الخدمت لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کو چلانے کے لیے کثیر سرمائے کی ضرورت ہے اس کے لیے جہاں ہمیں والنٹیئر کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے وہیں ہمیں مخیر حضرات کی تعداد کو بڑھانے کی بھی اشد ضرورت ہے اس کے لیے ہم مخیر حضرات سے مل کر انہیں الخدمت کے کام سے اگاہی فراہم کر کے آرفن پروگرام کے لیے سالانہ ڈونرز بننے پر آمادہ کریں۔ علاوہ ازیں الخدمت فاؤنڈیشن میر پور خاص کی جانب سے جھڈو میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ اور زیر آب آجانے والی یونین کونسل میر خدا بخش کے مختلف دیہاتوں کے ایک سو متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ راشن تقسیم کی تقریب کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد افضال آرائیں نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک کی تیسری اور ایشیا کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے جو بلا امتیاز رنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ملک اور دنیا بھر میں آنے والی قدرتی آفات پر الخدمت سب سے پہلے پیش پیش ہوتی ہے اور اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ہر دوسرے سال آنے والے سیلاب اور قدرتی آفات پر الخدمت فاؤنڈیشن نے سب سے زیادہ ریلیف کی سرگرمیاں انجام دی ہیں اور آئندہ بھی فلاحی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔