آئینی ترامیم کے ذریعے مارشل لاء لگانے کی ساش ہورہی ہے،زین شاہ

126

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں تاجروں سے ملک کے فوجی سربراہ نے مخاطب ہوتے ہوئے سندھ سمیت ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بات کی اس بات کا ملک کے فوجی سربراہ کو کوئی اختیار نہیں ہے اس طرح کا غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دار بیان ملک کی فیڈریشن کے تصور کے خلاف ہے، اس طرح کے بیانات ملک کے آئین اور قانون کے مترادف ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، پارلیمنٹ میں نئی آئینی ترمیموں کی کوشش کو ملک کی اعلی عدلیہ پر حملہ سمجھتے ہیں اور اس طرح کی مینیج آئینی ترامیم ملک کی سپریم کورٹ اور سینئر ججز پر دباؤ اور عدالتی نظام کمزور کرنے کی سازش ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ان آئینی ترمیموں کے ذریعے ملک میں ایک بار پھر ون یونٹ اور آئینی مارشل لا لگانے کی سازش ہو رہی ہے اس طرح کے اقدام کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی جی ایم سید ایڈیفیس جامشورو میں پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جی ایم سید ایڈیفیس جامشورو میں ہونے والے اجلاس میں روشن برڑو، امیر آزاد پھنور، جگدیش آہوجا، منیر نائچ، منیر حیدر شاہ، انعام کالانی، رمضان برڑو، مختیار میمن، خواجہ نوید، روشن کلہوڑو، امیر علی تھیبو، عاقب راجپر، ضریت بجارانی، میر احمد منگریو، بشیر شاہ، بشیر لنڈ، منور خاصخیلی، فتح خاصخیلی، جام اسلم کوریجو، و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھو دریا پر 6 نئے کینال بنانے کے خلاف دریا بچاؤ تحریک کے مرکزی قائدین کراچی ملیر پریس کلب سے 18 اکتوبر کو بیداری مارچ شروع کریں گے جس میں گگڑ پھاثک، دھابے جی، گجو، گھارو اور ٹھٹے میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا جائے گا۔ 19 اکتوبر کو سجاول، کھورواہ چوک، جاتی چوک، گولارچی اور بدین میں عوامی اجتماع کر کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ساحلی پٹی کے عوام کو سندھو دریا میں لگنے والے ڈاکے کے خلاف تیار کیا جائے گا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کندھ کوٹ، کشمور سمیت بالائی سندھ میں ڈاکو راج کے ذریعے عوام کو لاوارث کر کے خوف اور ہراس پھیلایا گیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں خاندان نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، سندھ حکومت کا رویہ قابل شرم ہے جو امن مان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوامی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ یونائیٹڈ تنکرز فورم کی جانب سے 14 اکتوبر کو سندھ بچاؤ دریا بچاؤ کے عنوان پر حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں سیمنار منعقد کیا جائے گا جس میں سندھی اور اردو بولنے والے دانشور، ادیب، سول سوسائٹی کو مدعو کیا جائے گا، 21 اکتوبر کو سانگھڑ ضلع میں بار کونسل اور ورکرز اجلاس سے خطاب کیا جائے گا، 22 اکتوبر کو میر پور خاص میں بار کونسل اور ورکرز اجلاس سے خطاب کیا جائے گا، 25 اکتوبر کو کشمور اور کندھ کوٹ میں عوامی جلسہ اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔