کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے ٹینڈرنگ اور اسکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹھیکے حاصل کرنے والی کمپنیز کو تعمیراتی کام شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، پہلے فیز میں شہر کی33 سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ شہر کی مختلف سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو بھی جدید بنایا جا رہا ہے، تمام کمپنیز کو واضح ہدایت کردی ہے کہ سڑکوں کی تعمیر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر معیاری میٹریل استعمال نہیں ہونا چاہیے ، بصورت دیگر اس کی ذمہ دار کمپنی کو فوری بلیک لسٹ کردیا جائے گا، کراچی میں جن 33 سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام انجام دیے جا رہے ہیں ان میں حب ریور روڈ، شاہراہ اورنگی، مدینہ الحکمت روڈ، لال شہباز قلندر روڈ، محمود روڈ، کشمیر روڈ، نظامی روڈ، خوشحال خان روڈ، رازی روڈ، پی ای سی ایچ ایس، ایکسپو سینٹر سے نیشنل اسٹیڈیم تک جانے والی سڑک، بابائے خیبر روڈ سے مومن آباد پولیس اسٹیشن تک، میٹروول کی سڑک اور دیگر سڑکیں شامل ہیں جبکہ چاندنی چوک اور کامران چورنگی ، گلشن چورنگی کی مرمت کے علاوہ ناظم آباد، طارق روڈ اور عمرشریف انڈرپاس اور یاسین آباد، ناتھا خان ، ڈرگ روڈ ، نیپا، سہراب گوٹھ، گولیمار اور پاکستان کوارٹر، بلوچ کالونی اور کارساز کے پلوں کی مرمت بھی کی جا رہی ہے ، اس کے علاوہ جن سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور مرمت کا کام کیا جا رہا ہے ان میں شاہ ولی اللہ روڈ، اتحاد ٹائون روڈ، بلدیہ اسٹیڈیم روڈ، گلشن اقبال بلاک13-D روڈ، ملیر 15، ریلوے گیٹ، ابراہیم حیدری روڈ، بہادر یار جنگ روڈ، کورنگی، اولڈ کوئن روڈ، کلب روڈ، آئی آ ئی چندریگر روڈ، سندھ سیکرٹریٹ روڈ، گلستان جوہر، کانٹی نینٹل بیکری، کامران چورنگی، میڈی کیئر اسپتال شرف آباد، نیو ٹائون پولیس اسٹیشن، پی آئی بی کالونی روڈ اور دیگر سڑکیں شامل ہیں جبکہ حب ریور روڈ اور بابائے خیبر روڈ کی مرمت کے ساتھ سیوریج نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کو جلد از جلد بہتر بناناہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انجینئرنگ کو واضح ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی کاموں میں معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے مخصوص کیے جانے والے فنڈ کے ضیاع کو روکا جاسکے۔