اسلام آباد (صباح نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ سے بدتمیزی کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل مصطفین کاظمی کا4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس سے بدتمیزی کرنے والے پی ٹی آئی کے وکیل مصطفین کاظمی کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ مصطفین کاظمی کی جانب سے ایمان مزاری، رضوان اور دیگر وکلا پیش ہوئے۔ پراسیکیوٹر راجا نوید نے عدالت کے سامنے ایف آئی آر پڑھ کر سنائی۔وکیل صفائی نے کہا کہ جن ملزمان کو ایف آئی ار میں نامزد کیا گیا وہ تمام وکلا ہیں جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ یہ فیصلہ کون کرے گا کہ قانون سے کون بالاتر ہے۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے مصطفین کاظمی کے9 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔