آسٹریلوی سرمایہ کاروں کی مکمل معاونت کریں گے، نواز شریف

38
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل پا کنز کو ملاقات کے بعد رخصت کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) نواز شریف نے کہا ہے کہ آسٹریلوی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر مکمل معاونت کریں گے، پاکستان میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلیے بزنس فرینڈلی انوائرمنٹ فراہم کیا جارہا ہے، زراعت اور آئی ٹی کے شعبے میں آسٹریلیا کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ نواز شریف سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا، ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت، آئی ٹی، تعلیم اور زراعت میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا پارٹنرشپ نہایت اہمیت کی حامل ہے، آسٹریلیا کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔