حب چیمبر کا صوبائی حکومت سے انفرا اسٹریکچرٹیکس سرکلر واپس لینے کا مطالبہ

116

کراچی(بزنس رپورٹر)ایوان صنعت و تجارت حب کے نو منتخب صدر یعقوب ایچ کریم اور سابق صدر مقصود اسماعیل اور اسماعیل ستار نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیاہے کہ ملک کے وسیع تر معاشی مفاد میں صنعتوں سے برآمدات پر انفرا اسٹرکچر ٹیکس کی وصولی کا نیا سر کلر فی الفور واپس لیاجائے۔ ایوان صنعت و تجارت حب کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یعقوب ایچ کریم نے کہا کہ بلوچستان کی صنعتیں سخت مشکل حالات سے گزر رہی ہیں۔ بجلی، گیس اور پانی کی بنیادی سہولتوں کے ضرورت کے مطابق مہیا نہ ہونے کے باوجود فیکٹری مالکان صنعتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی سرتوڑ جد و جہد کر رہے ہیں، ان حالات میں برآمدات پر ٹیکس لگانے کی تجویز صنعت مالکان کو کاروبار بند کرنے کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہے۔سابق صدر مقصود اسماعیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی 99فیصد صنعتیں جب میں ہیں جو بلوچستان کے مجموعی ریونیو کا 75فیصد ٹیکسوں کی مد میں جمع کراتی ہیں، صنعت کار اس بات کے منتظر ہیں کہ انکی مشکلات کو کم کیا جائے۔