فیروز پاور کا سولر پینل پروڈکشن یونٹ بنانے کا اعلان

280
فیروز پاور نے کراچی میں سولر پینل پروڈکشن پلانٹ کے قیام کے لیے میسن سولر کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے جارہے ہیں

کراچی(کامرس رپورٹر)فیروزپاور پرائیویٹ لمیٹڈ نے کراچی میں سولر پینل پروڈکشن پلانٹ کے قیام کے لیے میسن سولر کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں صاف توانائی کے آلات کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا، قابل تجدید بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور ملک کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر پر اثرات کو کم کرنا ہے۔ایف پی ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سہیل فیروز نے کہا کہ “اس ایم او یو کا مقصد قابل تجدید توانائی کے آلات کی مقامی پیداوار کے لیے ٹیکنالوجی کی ضروری منتقلی کو یقینی بنانا ہے جو پاکستان کو پاور سیکٹر میں خود انحصاری تک پہنچنے کے لیے اہم قدم ہے۔” انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان انہیں سولر پینل کی پیداواری سہولت کے قیام اور چلانے کے لیے تمام ضروری مراعات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں پہلی بار اتنے وسیع پیمانے پر سولر پینل کی تیاری کے لیے اسمبلی پلانٹ کے قیام کے لیے متبادل توانائی کے ترقیاتی بورڈ سے زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کرنے کے لیے پر امید ہیں۔ ایف پی ایل کے سربراہ نے کہا کہ پروڈکشن پلانٹ کا قیام حکومت کی جانب سے پاکستان میں صاف توانائی کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے مقرر کردہ اہداف کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی ایل کے نئے اقدام سے حکومت کو اپنے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بچانے میں بھی مدد ملے گی۔