کوشش ہوگی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلیں، زیک کرولی

165

ملتان (نمائندہ خصوصی) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین زیک کرولی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں،کوشش ہوگی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاک، انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں گزشتہ روز یہاں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔زیک کرولی نے کہا کہ ملتان کا موسم گرم ہے،ہمارے گزشتہ دورے کے دوران بھی شہراولیامیں موسم کافی گرم تھا،کنڈیشن کے حساب سے ہماری تیاری مکمل ہے،ہم ایسا کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں جس سے ٹیم پر دبائو نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہما را بولنگ اٹیک اچھا ہے،ہماری ٹیم میں اچھے نئے ا سپنرز بولرز بھی موجود ہیں،پچھلی مرتبہ ملتان کی پچ کافی فلیٹ تھی،اب پچ دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ بولرز کیلئے سازگار ہوگی،امید ہے کہ پچ بلے بازوں کو بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا وہ ایک بہترین و تجربہ کار بیٹسمین ہیں۔ پاکستان اچھی اور مضبوط ٹیم ہے،پاکستان کے پاس اچھے بیٹسمین، بولرز اور آل رائونڈر ہیں،ہوم گرائونڈ پر پاکستان اور بھی مضبوط ٹیم ہے۔ ،ہم کسی صورت پاکستان کو آسان حریف تصور نہیں کر سکتے،مکمل تیا ری کیساتھ پاکستان کا مقابلہ کریں گے۔قبل ازیں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں انگلش کرکٹ ٹیم نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھر پور پر یکٹس کی۔انگلینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے گرائونڈ کے چکر بھی لگائے۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں پرمشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہوگا۔