حکومت مرگی کے مرض کی ادویات کی قیمتیں کم کرے‘ فوزیہ صدیقی

50

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان کی صدر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ ایپی لیپسی منی فیلوشپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد جونیئرز ڈاکٹر کو مرگی کے مریضوں کا اطمینان بخش علاج کرنے کے لیے تربیت فراہم کرنا ہے۔ یہ مرگی کے مریضوں کے لیے پاکستان میں ڈاکٹروں کی مدد کے لیے ایک جامع کورس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرگی کی بعض ادویات کو جان بچانے والی ادویات کا درجہ دے کر سبسڈی دینی چاہیے تاکہ مرگی کے مریضوں کی زندگی کو اذیت ناک بننے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرگی کی ڈیوائس اتنی مہنگی ہے کہ عام آدمی تو کیا‘ مناسب آمدنی کمانے والا فرد بھی اسے حاصل نہیں کرسکتا ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ مرگی کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اس لیے حکومت کو مرگی کے مرض کی ادویات کی قلت پر قابو پانے اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے چاہییں۔ ڈاکٹر رشید جومہ نے مرگی کی سرجری کے آپشن پرروشنی ڈالی جبکہ ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے بچوں میں مرگی کے مرض کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔