جدہ میں دنیا کے بلند ترین ٹاور کی تعمیرکا معاہدہ

57

جدہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کے شہر جدہ میں دنیا کے بلند ترین ٹاور کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کے لیے کنگڈم ہولڈنگ کمپنی نے بن لادن گروپ سے معاہدہ کرلیا۔جدہ میں اکنامک ٹاور کی تعمیر کا منصوبہ کوئی نیا نہیں ہے۔ اس کا تعمیراتی کام 7سال قبل روک دیا گیا تھا۔ اب اس ادھورے منصوبے کی تکمیل کے لیے معاہدہ کر لیا گیا ہے۔ ایک ہزار میٹر بلند یہ عمارت دنیا کی سب سے بلند عمارت ہوگی۔ 157 منزلہ عمارت کے 63 فلور تعمیر ہوچکے ہیں۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 7.2 ارب ریال ہے۔ کنگڈم کمپنی کے بیان میں کہا گیا کہ تعمیراتی منصوبے کے لیے 1.1 ارب ریال کی ایڈوانس رقم موصول ہو چکی ہے اور یہ تعمیراتی کام 42 ماہ میں مکمل ہو گا۔ کمپنی کی جانب سے تعمیرات کے لیے باقی فنڈ اپنے اکاونٹ سے فراہم کیا جائے گا جبکہ اضافی رقم بینک سے لی جائے گی۔ اس ٹاور کا مجموعی رقبہ 53 لاکھ مربع میٹر ہے، پہلے مرحلے میں 13 لاکھ مربع میٹر رقبے پر تعمیراتی کام کیا جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کی بنیاد کا کام تقریباً مکمل ہے، جو پہلے مرحلے میں شامل ہے۔ اس میں سیوریج، بجلی اور تیز رفتار انٹرنیٹ سسٹم کی فراہمی شامل ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ ولید بن طلال کا کہنا ہے جدہ ٹاور کا تعمیراتی منصوبہ ساڑھے 3سال میں مکمل ہوگا۔