سہراب گوٹھ، گندے نالے میں 2بچے ڈوب گئے، دیگر واقعات میں 7جاں بحق

76

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں دو بچوں سمیت 9 افراد جاںبحق ہوگئے‘ دیگر واقعات میں خاتون سمیت 3افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے میں گندے نالے میں دو بچے ڈوب گئے۔ ایک بچے کی عمر 10 سال جبکہ دوسرے بچے کی عمر 12 سال بتائی جارہی ہے۔ سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم مع ایمبولینس جائے وقوع پر پہنچ گئی، رات گئے آپریشن بند کرنا پڑا۔ ٹیپو سلطان تھانے کی حدود بلوچ کالونی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں35سالہ سعید احمد ولد غلام نبی نامی شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گلبرگ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد موسیٰ کالونی مین ضیاء الدین اسپتال کے قریب زیر تعمیر دیوار گرنے سے 40سالہ عبدالقادر نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یوسف پلازا تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 16 عبداللہ سینٹر کے فلیٹ سے 45سالہ طاہر اقبال ولد محمد اقبال نامی شخص کی لاش ملی۔ متوفی کی لا ش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گارڈن کے علاقے میں 24ستمبر کو 25سالہ اختر نامی نوجوان آگ سے جھلس کر زخمی ہوگیا تھا تاہم وہ سول اسپتال برنس وار ڈ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ کلفٹن کے علاقے کلفٹن بلاک فائیو کار ڈیل شوروم سے شوروم کے چوکیدار55 سالہ محمد نسیم کی لاش ملی۔ میمن گوٹھ تھانے کی حدود ملیر میمن گوٹھ واٹر بورڈ کے پانی سپلائی کے ٹینک سے 40سالہ شخص کی لاش ملی۔ متوفی کی لاش کو ایدھی بحری خدمات کے رضاکاروں نے ریسکیو آپریشن کرکے نکال لیا، لاش کئی روز پرانی ہے تاہم متوفی کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی ہوم سہر اب گوٹھ سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود سپر ہائی وے خادم سولنگی گوٹھ اقصیٰ مسجد کے قریب روڈ کے کنارے سے 55سالہ شخص کی لاش ملی۔ متوفی کی لاش کو متعلقہ تھانے سے ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی ہوم سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود سائٹ سپر ہائی وے جنجال گوٹھ اختر کانٹا کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ ذوالقرنین ولد محمد افضل گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ شارع نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک آر صغرا مسجد کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 29سالہ وسیم ولد سجاد زخمی ہوگیا۔ منگھوپیر تھانے کی حدود صائمہ اربن ولاز فلیٹ 105 بلاک E2 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 16 سالہ لائبہ دختر ماجد علی زخمی ہوگی۔