وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پراے پی سی طلب کرلی

217
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد ملاقات کر رہا ہے، اس موقع پر پی پی چیئرمین بلاول بھی موجود ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پراے پی سی طلب کرلی۔کانفرنس 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگی ،شہباز شریف سے حافظ نعیم الرحمن اوربلاول کی ملاقات۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول زرداری اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جہاں وزیراعظم کی میزبانی میں فلسطین کے حق میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملاقات میں موجود سیاسی جماعتوں نے غزہ اور فسلطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے وزیر اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے لیے یوم یکجہتی منانے کا فیصلہ کیا گیا اور یوم یکجہتی فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمان، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہوں گے۔ملاقات میں 7 اکتوبر کو پاکستان بھر میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے اجتماعات اور سیمینار منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں صدر مملک آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف شرکت کریں گے، بلاول زرداری کی فلسطین اور غزہ میں جاری نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے حوالے سے یوم یکجہتی پر بھرپور حمایت کی اور ملاقات میں جماعت اسلامی کے غزہ اور فلسطین میں جاری نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے حق میں یکجہتی کے مؤقف کی تعریف کی گئی۔چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری نے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے 7 اکتوبر کو فلسطین کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ غزہ میں قابض افواج کے سفاکانہ قتل عام کے ایک سال بعد جنگ کا دائرہ لبنان تک پھیل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں سفاکانہ قتل عام سے شروع ہونے والی جنگ کا پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لینے کا خطرہ ہے، پوری قوم کو سامراجی صیہونی ایجنڈے کے خلاف ایک آواز میں بولنا چاہیے۔علاوہ ازیںوزیر اعظم محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کی سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے لیڈر عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔جمعہ کو وزیر اعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سینیٹ میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی اور ملکی سیاسی امور پر گفتگو ہوئی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیر اعظم کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان اور امت مسلمہ کے موقف کو بھرپور انداز میں پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیر اعظم کو مسلم لیگ (ن) کی سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم پی اے احمد کنڈی، وزیر داخلہ محسن نقوی، احسن اقبال، احد چیمہ بھی موجود رہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں کے پی کے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کے معاملے میں وفاقی حکومت کی غیرسنجیدگی پر شکوہ کیا۔ذرائع کے مطابق گورنر نے شکوہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو تحریک انصاف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔گورنر نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا کے معاملات میں دلچسپی لینے کی درخواست کی اور موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلیے مختلف آپشنز دیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ ہمیں سپورٹ دیں، ہم تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت پر چڑھائی کیلیے کروڑوں روپے کا سازو سامان خریدا۔ذرائع کے مطابق گورنر نے وزیراعظم کو اگلے ہفتے خیبرپختونخوا کے دورے کی دعوت دے دی۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم دورہ پاکستان کو پاک-ملائیشیا تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ملائیشیا سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،ہم ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلیے نیک خواہشات کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے ملائیشیا روانہ ہوگئے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم اور ان کے وفد کو نور خان ایئر بیس پر الوداع کیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم کے تین روزہ دورہ کی تصاویر پر مبنی البم بھی معزز مہمان کوپیش کیا گیا۔