شنگھائی اجلاس بھارت کا وزیرخارجہ جے شنکرکو پاکستان بھیجنے کا اعلان

133

نئی دہلی/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+ صباح نیوز) بھارت نے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا۔ ایس سی اواجلاس میں شریک مہمانوںکی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلیے وفاقی دارالحکومت میں 5 سے 17اکتوبر تک فوج کی تعینات ہوگی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سبرامنیم جے شنکر دورہ اسلام آباد میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے، 9 سال میں بھارت کی کسی اعلیٰ شخصیت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ ترجمان بھارتی دفتر خارجہ رندھیر جیسوال نے اس بات کا اعلان صحافیوں کو دی گئی ہفتہ وار بریفنگ میں کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کی قیادت میں وفد کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجا جائے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی سیکورٹی کے سلسلے میں 5سے 17اکتوبر تک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج کو تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سمٹ کے لیے فوج کی تعیناتی آرٹیکل245 کے تحت کی گئی ہے اور 5 سے 17 اکتوبر تک دارالحکومت میں فوج تعینات رہے گی۔وزیراعظم شہبازشریف کی منظوری کے بعد فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔