لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے اعلان پر ردِعمل میں کہا ہے کہ ہم تو بہت پرسکون اور چِل ہیں کیونکہ پنجاب سے کوئی نہیں نکل رہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم تشریف لا چکے ہیں اور دیگر مہمان آ رہے ہیں، تحریکِ انصاف نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے خلاف کام کیا، بانی پی ٹی آئی کی سالگرہ پر مینارِ پاکستان یا ارد گرد کے لوگوں کا کیا قصور ہے؟ سالگرہ منانی ہے تو جا کر اڈیالہ جیل کے سامنے منائیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ملک میں بہتری آ رہی ہے اور مہنگائی کم ہور ہی ہے لیکن ان کو چین نہیں آ رہا، یہ بتائیں انہوں نے خیبر پختون خوا کے عوام کے لیے کیا کیا؟ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں، دہشت گردوں سے جس زبان میں بات کرنی پڑتی ہے اس میں کرنا پڑے گی
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ وزیرِ اعلی پنجاب کام کر رہی ہیں، اس لیے پنجاب کے لوگوں کی احتجاج میں دلچسپی نہیں، مقابلہ کرنا ہے تو کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ کریں، پی ٹی آئی نے پچھلی بار بھی پولیس اہلکاروں پر آنسو گیس شیلنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ان سے پوچھنا چاہیے ان کو کیا مصیبت ہے کام کیوں نہیں کرتے، کے پی کے لوگوں کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ وسائل عوام پر کیوں نہیں لگا رہے ہیں، آپ جلا گھیرا کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہیں کر سکتے، پنجاب بالکل پرسکون ہے کہیں بھی چار لوگوں کا قافلہ بھی نظر نہیں آیا، لوگ اپنے کاموں پر معمول کے مطابق جا رہے ہیں۔