پی ٹی آئی ڈی چوک احتجاج؛ اسلام آباد جانیوالے راستے بند، 9 افراد گرفتار

262

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہر صورت ڈی چوک اسلام آباد پر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے دارالحکومت کی سیکیورٹی سخت اور داخلی راستے سیل کر دیے جس سے راولپنڈی سے اسلام آباد کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد کے ڈی چوک پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال کے باعث اسلام آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے ، موبائل فون سروسز معطل ہے اور ریڈ زون اور ڈی چوک کو جانے والے راستے مکمل بند کیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، شہری کسی بھی غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مصروف عمل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چیرنگ کراس چوک دونوں جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، فیض آباد پل پر ڈبل لیئر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں جبکہ ایم ایچ چوک صدر مال روڈ بھی دونوں جانب سے بند ہے۔

پولیس کے مطابق لاہور میں جمعرات 3 اکتوبر سے منگل 8 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ ہے، لاہور میں بابو صابو موٹر وے کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ علی خیبرپختونخواہ امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد احتجاج کیلئے قافلہ پشاور ٹول پلازہ پہنچ گیا ہے۔