ویمنز ٹی20ورلڈکپ:پاکستان کا سری لنکا کو ہرا کر فاتحانہ آغاز

289

شارجہ:ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق یو اے ای میں جاری آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ویمنز ٹیم نے سری لنکن ویمنز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ گروپ اے کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 116 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں جب کہ ندا ڈار نے 23رنز بنائے۔

بعد ازاں  117 رنز کے ٹارگٹ کا پیچھا کرتے ہوئے سری لنکن ویمنز ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکیں اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے ہی میچ میں ایشین چیمپئنز سری لنکا کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ سعدیہ اقبال نے 3 ، اُمائمہ سہیل ، فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو نے 2،2  وکٹیں حاصل کیں جب کہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر کپتان فاطمہ ثنا کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ویمنز کا دوسرا میچ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔