اسلام آباد: انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جدید مہارتیں سیکھنے اور آن لائن کاروبار کرنے کا خواب رکھنے والے نوجوان طلبہ کے لیے اسلام آباد کے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس قائم کردئیے گئے۔
وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق اسلام آباد کے پانچ سرکاری اسکولوں میں قائم کیے گئے ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس میں مفت انٹرنیٹ سروسز، جدید کمپیوٹرز اور فری لانسنگ کی دیگر تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
وزارت تعلیم کے سیکرٹری محی الدین وانی کاکہنا ہے کہ سرکاری اسکولوں و کالجوں میں موجود بڑے ہالز کو ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار سینٹرز میں تبدیل کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جڑے کورسز کروانا اور پھر انہیں وہیں پر آن لائن کاروبار کرنے کے لیے ایک جدید اور محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کے خیال میں سرکاری سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ طلبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔اس اقدام سے طلبہ کو روایتی نصابی سرگرمیوں سے ہٹ کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وسیع شعبے میں قدم جمانے کا موقع ملے گا۔
سکریٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے میڈیا کو اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں بورڈ کے سلیبس کے ساتھ ساتھ بچوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کروایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزارت تعلیم کا منصوبہ ہے کہ سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے یا باہر سے آنے والے دوسرے بچوں کو ان ٹیکنالوجی پارکس میں فری لانسنگ اور انٹرپرینورشپ کے حوالے سے ٹریننگ فراہم کی جائے اور پھر وہیں بچے اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آن لائن روزگار کا حصول بھی ممکن بنائیں۔
سیکرٹری وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ بچوں کو مفت انٹرنیٹ سروسز اور جدید کمپیوٹرز دیے گئے ہیں جنہیں وہ سیکھنے اور ای روزگار کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
سکریٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں شروع کیے گئے ٹیکنالوجی پارکس میں آئی ٹی کی نمایاں کمپنیاں بھی دورہ کریں گی جو نوجوان طلبہ کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں نوکری کی بھی پیشکش کریں گی۔
وزارت تعلیم کی جانب سے اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس ٹو میں بھی ای روزگار سینٹر اور ٹیکنالوجی پارک قائم کیا گیا ہے۔