ہر ملک کو دفاع کا حق حاصل ہے، مسلم ممالک کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، ایرانی سپریم لیڈر

139

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے تقریباً پانچ سال کے وقفے کے بعد نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہر ملک کو اپنی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کا موقف درست ہے اور ایران ان کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ مسلمان ممالک کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان قوموں کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک ایک دفاعی اتحاد تشکیل دینا ہوگا تاکہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا سکے۔

انہوں نے 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے یہ حملہ جائز تھا، اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ بھی جائز ہے۔

خامنہ ای نے کہا کہ امت مسلمہ کے مشترکہ دشمن ہیں، قرآن کا درس یہی ہے کہ مسلمان اقوام متحد رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے دشمن وہی ہیں جو فلسطین، لبنان، عراق، مصر، شام اور یمن کے دشمن ہیں۔

انہوں نے مسلمانوں کو تاکید کی کہ وہ مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں کیونکہ مومنوں کے اتحاد کو قرآن میں رحمت الہی قرار دیا گیا ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے واضح کیا کہ ایران اسرائیل کو جواب دینے میں نہ جلدی کرے گا اور نہ ہی تاخیر لیکن دشمنوں کو منہ توڑ جواب ضرور دیا جائے گا۔