ای سی سی :دفاعی منصوبوں کیلیے 45 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور

96

اسلام آباد (اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی تیار کردہ اینٹی ریبیز ویکسین کی زیادہ سے زیادہ قیمت 891.65 روپے سے بڑھا کر 1980 روپے فی 0.5ملی لیٹر وائل/ڈوز کرنے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملازمین کے لیے خصوصی الائونس میں اضافے کی تجاویز کی منظوری دیدی ہے۔ اجلاس میں ڈیفنس ڈویژن کے منظورشدہ منصوبوںکے لیے45ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملازمین کے لیے خصوصی الائونس میں اضافے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اے این ایف ملازمین کی تنخواہیں دیگر وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین کے مقابلے میں کافی کم ہیں، حالانکہ وہ انہی خطرات اور چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ الائونس کی 264.744 ملین روپے کی رقم رواں مالی سال کے منظور شدہ بجٹ کے اندر ہی پوری کی جائے گی۔ اجلاس میں آذربائیجان کے شہر باکو میں نومبر 2024میں منعقد ہونے والی کوپ 29کانفرنس کے اخراجات کے ضمن میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے سمری پر 150ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بری طرح متاثر ہے اورکوپ 29کانفرنس میں پاکستان قابل تجدید توانائی کے منصوبے، شجرکاری کی کوششوں اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے اقدامات پیش کرے گا۔