کوئٹہ: باراتیوں کی بس کھائی میں جاگری ‘7افراد جاں بحق ‘ 19زخمی

135
کوئٹہ: بائی پاس پرکھائی میں گرنے والی باراتیوںکی بس کے قریب لوگ جمع ہیں

کوئٹہ (اے پی پی)کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر باراتیوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 7افراد جاں بحق اور 19زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا کوآرڈی نیٹر محکمہ صحت بلوچستان ڈاکٹروسیم بیگ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ مشرقی بائی پاس پر باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری ‘ امدادی ٹیموں نے موقع پرپہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا‘حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7ہوگئی ہے جبکہ 19افراد زخمی ہوگئے ‘جاں بحق ہونے والوں میں7سالہ زینت ،3سالہ بی بی زینب، 11سالہ بی بی صفیہ ،17سالہ بی بی عالیہ ،نقیب اللہ ،نصیب اللہ اور بی بی عالیہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بی بی نوریہ،حبیب اللہ ،بی بی فاطمہ ،نجیبہ ،طیبہ، بی بی جمیلہ ،پلوشہ، نادیہ، رقیہ ،اجوہ، عابدہ ،ملالہ، ذولیخہ ،علینہ، جمیلہ ،انیسہ اور بی بی تقوی شامل ہیں ۔زخمیوں کو فوری طورپر سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر حادثہ کے پیش نظر وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور خود امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لیتے رہے ۔بعدازاں وزیرصحت بخت محمد کاکڑ نے سول اسپتال ٹراما سینٹر کادورہ کیا اور وہاں زخمیوں کی عیادت کی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سول اسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹراسحاق پانیزئی بھی تھے ۔