لاہور(نمائندہ جسارت)تحریک انصاف کی رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے سپریم کورٹ کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی بھی انصاف پر مبنی کام نہیں کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ جعلی حکومت نے عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی، المیہ یہ ہے کہ کچھ جج صاحبان اس چیز کے حق میں ہیں۔ جعلی حکومت نے سپریم کورٹ کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اس جگہ کھڑے ہیں جہاں فارم 45کو چوری کرکے جعلی حکومت بنائی گی۔ یہ الیکشن کمیشن پاکستان کی بدنیتی ہے۔ آٹھ فروری 2024سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی بھی انصاف پر مبنی کام نہیں کیا گیا۔سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے معاملے الیکشن کمیشن کی غلطی درست کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بنے ہوئے تقریباً 77سال ہوچکے ہیں۔ صرف آئین پاکستان 1973ہی پاکستان میں ایک اچھی چیز ہوئی۔ ساری سیاسی جماعتوں نے مل کر پاکستان کے عوام کے لیے کام کیا۔